
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ 27 نومبر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 27 آئینی ترمیم میں مارشل آف ائیرفورس اور مارشل آف نیول فورس کے ٹائٹل متعارف کرانے کی تجویز ہے اور یہ ٹائٹل دینے کا اختیار وزیراعظم کا نہیں ہوگا بلکہ پارلیمنٹ کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے رینک اور ٹائٹل کو آئینی تحفظ حاصل ہوگا اور یہ ٹائٹل واپس لینے کا اختیار بھی پارلیمان کا ہوگا، تجویز ہے کہ آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔وزیر قانون نے کہا کہ فیلڈ مارشل ایک ٹائٹل ہے، رینک ہے جبکہ آرمی چیف ایک آئینی عہدہ ہے جس کی مدت 5 سال ہے، آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے، آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داری سونپنی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 سے ختم ہو جائے گا۔




