لاہور: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صدارتی مدت پوری کرنے کے 8 ماہ بعد ڈینٹل پریکٹس شروع کردی۔
سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے، عواب علوی نے سماجی رابطے کی سائٹس ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے جوش و خروش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان کی واپسی پر بہت خوش ہیں، اور وہ( ڈاکٹر عارف علوی) فعال طور پر مشاورت اور دانتوں کے علاج کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی دندان سازی میں 55 سال سے زیادہ کا تجرب رکھتے ہیں، اپنے کیرئیر کے دوران ڈاکٹر علوی نے دندان سازی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی مہارت اور لگن نے انہیں اپنے ساتھیوں اور مریضوں میں ایک قابل احترام شہرت دی ہے۔
عواب علوی نے ایکس پر اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ پانچ سال تک پاکستان کے 13ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد، وہ اپنے مریضوں سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے اوردانتوں کی معیاری دیکھ بھال جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
ڈاکٹر علوی کی دندان سازی میں واپسی کو بہت سے لوگوں کی طرف سے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ ان کے وسیع تجربے اور مہارت سے ان کی مشق اور کمیونٹی کو بہت فائدہ ہوگا۔
اتنے اعلی عہدے پر فائز ہونے کے بعد بھی اپنے پیشے سے ان کی وابستگی، دوسروں کی خدمت کے لیے ان کی لگن کو واضح کرتی ہے۔
0 35 1 minute read