اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے، ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر میں پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے معاملے پر پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطالبات پر ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا جس میں حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان ٹیکسوں کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔
اجلاس کے بعد ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے جمعے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے نائب صدر کے انتقال کے باعث اسلام آباد میں ہڑتال نہیں ہوگی اور اس کے علاوہ ملک بھر کے تمام پمپس ہر صورت میں بند رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایسوسی ایشن عہدے دار کی وفات کے باعث ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی ہے۔رات بارہ بجتے ہی ایسوسی ایشن کی کال پر کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مالکان نے پمپ بند کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر لاہور میں بھی ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کردی اور کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے حل نہیں نکل سکتا بلکہ مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جائے گا۔
ادھر پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی، تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں اور پیٹرول پمپس کو کھلا رکھیں۔ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں 5جولائی سے 13ہزار پیٹرول پمپس بطور احتجاج بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ یہ ہڑتال صفر اشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کی جا رہی ہے، جس کے لییبدھ کو حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان منعقدہ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
0 35 1 minute read