دنیا

نئی دہلی میں بارش کا 88 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلسل بارش نے 88 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگئی، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی جبکہ کئی پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 228.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو دارالحکومت میں جون کے مہینے میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش میں سے ایک ہے۔

نئی دہلی میں 24 گھنٹوں میں اب تک کی سب سے زیادہ بارش 28 جون 1936 کو 235.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 1936 میں جون کے مہینے میں 235 ملی میٹر بارش ہوئی تھی اور اب جون کے ایک دن میں 228 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

نئی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کی بارش نے شہر کی سٹرکوں کو ندی نالیوں میں تبدیل کردیا ہے، گاڑیاں ، ٹرک سڑکوں پر پانی کے باعث پھنس گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں شدید بارش کے باعث جمعہ کی صبح ائیرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ2 افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی سول ایوی ایشن کے مطابق نئی دہلی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت موسلا دھار بارش کے باعث گری جس کے بعد متاثرہ ٹرمینل سے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے اور اس کی بحالی کیلئے متبادل انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرمینل ون پر 16 پروازوں کی روانگی اور 12 کی آمد تھی جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی دارالحکومت گزشتہ چند ماہ سے شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی لپیٹ میں ہے اور گرمی کے باعث نئی دہلی میں بہت سی اموات بھی ہوئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button