کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا میں کہاں ٹیکس لگانے سے مہنگائی میں کمی ہوتی ہے؟ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر سب سے بڑا حملہ کیا گیا۔
ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کل فارم 47 والے وزیراعظم نے ایک تقریر کی اور کہا ملک کو آصف زرداری و دیگر کی رہنمائی میں ڈیفالٹ سے بچایا، وزیراعظم نے کہا یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جعلی حکومت کے نمائندے بن کر بیٹھے ہیں، جو آئی ایم ایف نے کہہ دیا بجٹ بنا کر رکھ دیا، ملک کی ایکسپورٹ کم ہوگئی ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں جاگیرداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، جاگیردار 75سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، ان کا جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ مائنڈ سیٹ ہے، جو انگریزوں کے غلام تھے جنہوں نے زمینیں لی تھی وہی پارلیمنٹ میں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ دبئی میں جنہوں نے جائیدادیں خریدی ہیں ان کے پاس منی ٹریل نہیں، ساڑھے 12 بلین ڈالر کی دو سال میں دبئی میں پراپرٹی خریدی ہے، غریب آدمی پہلے ہی پسا ہوا ہے اور مڈل کلاس طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے۔
0 46 1 minute read