اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی پیشی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے 28 جون کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ سے متعلق دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالت نے آج کی سماعت میں غیر حاضر رہنے والے ملزمان حماد اظہر، فرخ حبیب، مراد سعید اور حسان خان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے حکم نامے میں لکھا کہ ملزم بانی پی ٹی آئی اس وقت کسی دوسرے مقدمے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں لہذا آئندہ سماعت پر عدالت پیشی کے لیے روبکار جاری کی جائے۔
جج طاہر عباس سپرا نے تمام غیر حاضر ملزمان اور بانی پی ٹی آئی کو 28 جون 2024 کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
0 37 1 minute read