
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے (ارنا) کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر کو ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی تعزیت کے لیے ٹیلی فون کیا تھا، اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی روابط سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔
ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر مخبر نے سعودی ولی عہد کو دورہ ایران کی دعوت دی، جسے شہزادہ محمد بن سلمان نے قبول کرلیا، جب کہ انہوں نے ایران کے قائم مقام صدر کو دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی دی۔
یاد رہے کہ یہ دو دہائیوں میں سعودی ولی عہد کا پہلا دورہ ایران ہوگا، محمد بن سلمان کے ممکنہ دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔