پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے تحریک انصاف کے پارٹی معاملات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کچھ چیزیں ایسی ہو رہی ہیں جس پر چپ رہوں تو بہترہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عزت اور پارٹی کے اتحاد کے لیے خاموش ہوں، میں جس کرب سے گزر رہا ہوں بتا نہیں سکتا مگر پارٹی کے ضابطہ اخلاق کو اپنانا چاہیے۔
شہریار آفریدی نے کہا کچھ چیزیں ہیں جس پر خاموش رہا جائے تو وہ مجرمانہ خاموشی کہلائی جائے گی، صحیح وقت آنے کا انتظار کر رہا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملنے کا انتظار ہے، 24 مئی کو بھی مجھے ملنے نہیں دیا گیا، ہمیں بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملوایا جا رہا، بہت ہوگیا، اگر واقعی ہم مخلص ہیں تو ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کو یقینی بنانا ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شہریار آفریدی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے پارٹی معاملات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
0 38 1 minute read