لاہور: بشکیک سے طلبا کو لانے والی پرواز لاہور پہنچ گئی، پرواز کے ذریعے 140 طلبا وطن واپس پہنچے ہیں، خصوصی پروازیں کل بھی چلائی جائیں گی۔کرغزستان سے پرواز تقریبا 140 پاکستانی طلبا کو لے کر لاہور ائیرپورٹ پہنچ گئی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ پر طلبا کو ریسیو کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بحفاظت وطن واپس آنے والے طلبا سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی اور ان سے بشکیک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بارے معلومات لیں اور مسائل پوچھے۔
اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبا قوم کے بچے ہیں، وزیراعظم نے اس واقعے کے فوری بعد پاکستانی طلبا کے تحفظ کے لیے تیزی سے اقدامات کیے، اللہ تعالی کا شکر ہیکہ یہ بچے بحفاظت وطن واپس آنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرغزستان میں موجود دیگر طلبا کو بھی پاکستان واپس لایا جائے گا، ہماری سب سے پہلی ترجیح پاکستانی طلبا کی بحفاظت وطن واپسی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ انشااللہ کل مزید پروازوں کے ذریعے طلبا کو وطن واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبا کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزرا اسحاق ڈار اور امیر مقام بھی کل کرغزستان جائیں گے۔
0 58 1 minute read