کیراکس: جنوبی امریکی ملک وینزویلا تمام گلیشیئر کھو دینے والا جدید تاریخ کا پہلا ملک بننے والا ہے۔ موسمیاتی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ملک میں باقی ماندہ گلیشیئر محض آئس فیلڈ (برف کی چادر نما) کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
ماہرِ موسمیات میکسیمیلیانو ہیریرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ وینزویلا کے ہمبولڈٹ گلیشیئر پگھل کر دو ہیکٹر(تقریبا پانچ ایکڑ)تک رہ گئے ہیں اور یہاں پر رک کر آئس فیلڈ کی صورت اختیار کر لی ہے۔
ہمبولڈٹ گلیشیئر وینوزویلا کا آخری گلیشیئر ہے۔ گزشتہ صدی میں موسمیاتی تغیر کی وجہ سے ملک کے کم از کم پانچ گلیشیئر پگھل چکے ہیں۔متعدد ماہرینِ گلیشیئر کا کہنا ہے کہ وینیزویلا میں موجود سیئرا نیواڈا نیشنل پارک میں موجود برف گلیشیئر سمجھی جانے کے لیے بہت کم ہے۔
عالمی سطح پر ویسے تو کسی برف کے ذخیرے کو گلیشیئر قرار دینے کے لیے کوئی معیار نہیں ہے لیکن امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 10 ہیکٹر (24.71ایکڑ) کا رقبہ ایک عام کلیہ ہے۔
20 ویں صدی کے شروع میں وینزویلا میں چھ گلیشیئر تھے جو 999.7 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے ہوئے تھے۔ اس رقبے میں ہمبولڈٹ 450 ہیکٹر تک پھیلا ہوا تھا لیکن محققین کے مطابق یہ گلیشیئر پگھل کر دو ہیکٹر تک محدود ہوگیا ہے۔
2020 میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 1952 سے 2019 کے درمیان 98 فی صد گلیشیئر سکڑ گئے ہیں۔
0 51 1 minute read