صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے 6 اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے 8 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ چاغی میں بارش سے 35 مکانات تباہ اور 65 کو جزوی نقصان پہنچا جب کہ گواد اور پشین میں بارش سے 30 مکانات کو نقصان پہنچا، صوبے میں بارش سے ایک پل سمیت 6 سڑکیں متاثر ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ گودار اور مکران کا کراچی سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موجود ہے،کوئٹہ اور گرد و نواح میں آج بھی مطلع ابر آلود ہے، چند مقامات پر جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔