موسمیاتی تجزیہ کار نے طاقتور مغربی سسٹم کے تحت کراچی میں آج تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق خلیجی ریاستوں کے بعد طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے اور یہ سسٹم مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ آج شام سے سسٹم کے اثرات کراچی اور سندھ پر ظاہر ہونا شروع ہوں گے تاہم سسٹم کی شدت خلیجی ریاستوں والی نہیں رہے گی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہےکہ آج شام سے کل دوپہر کے درمیان سندھ کی ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوبی اور مشرقی سندھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سسٹم سے کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے تاہم کراچی میں خلیجی ریاستوں جیسی طوفانی بارش کا امکان نہیں، یہاں 15 سے 40 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرہ عرب میں سطح سمندر کا درجہ حرارت زائد ہے جس کے باعث سسٹم کو نمی کی صورت میں بحیرۂ عرب سے مدد حاصل رہے گی۔