
اسلام آباد:پاکستانی کرنسی کی قدر میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے۔ مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک اب تک امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں مجموعی طورپر 2.3 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج بہتری کی وجہ سے کرنسی کی قدر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ مالی سال کے آغازمیں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 4.5 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 8.27 ارب ڈالر کے قریب ہو گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 243 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا جس کےبعد زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 13.34 ارب ڈالرہو گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 19 جنوری کوختم ہونے والے ہفتہ میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 8.27 ارب ڈالرجبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.07ارب ڈالر تھے۔