پاکستانتازہ ترین

معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے: وزیراعظم

: اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا اکٹھا ہونا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی جب کہ اجلاس میں سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں کابینہ نے بھی شرکت کی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور سمیت وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، نگران حکومت میں ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے بھی موثر انداز میں کام کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہت اہم ہے، یہ خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا اکٹھا ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔ اجلاس کے دوران سابق نگراں وزراء کی جانب سے اپنے دور میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button