
کوٹلی(نمائندہ خصوصی) پرنسپل عابدہ ملک گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 میں سالانہ رزلٹ و تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد۔طالبات سمیت والدین کی بھرپور شرکت۔ تقریب سے ادارہ ہذا کی پرنسپل میڈم طاہرہ شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ پیرنٹس کو طالبات کی ہفتہ وار پراگریس سے باخبر رکھنے کے لیے ایک منظم سسٹم موجود ہے۔ اسکول میں مختلف پی ٹی ایم کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور والدین کو خاص طور پر مدعو کیا جاتا ہے لیکن بعض پیرنٹس بلانے کے باوجود نہیں آتے۔ اس فورم میں آپ لوگوں سے میری التجا ہے کہ ادارہ کی کال پر لازمی تشریف لائیں۔ والدین کا فرض بنتا ہے کہ جب وہ اپنی بچیوں کو سکول بھیجیں تو ان کا مکمل دھیان رکھیں اور وقتا فوقتا ان کی پراگریس چیک کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی مکمل پرفیکٹ نہیں ہوتا ۔غلطیوں کی گنجائش ہر ایک میں موجود ہوتی ہے اس لیے والدین بالخصوص ماں کو چاہیے کہ وہ اپنی بچیوں کے ہر طرح کی ایکٹیویٹی پر گہری نظر رکھیں۔کیونکہ مائیں اپنی بچیوں کی جہاں ہمراز ہوتی ہیں وہاں ان کے لیے بہترین جج بھی ہوتی ہیں۔ پیرنٹس سے میری گزارش ہے کہ دس یا پندرہ دن میں ایک چکر ادارہ ہذا کا ضرور لگائیں ۔آپ کی بچیاں آپ کی توجہ کی محتاج ہیں اس لیے اپنے قیمتی لمحات میں سے کچھ وقت ان کے لیے ضرور نکالیں۔ اپنی بچیوں کی کلاس ٹیچرز سے رابطے میں رہیں اور ان کو بچیوں کے پروگریس کے متعلق پوچھتے رہیں کیونکہ یہ آپ کی بچیوں کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ ہمارا مقصد طالبات کی شعوری تربیت کر کے انہیں معاشرے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے ٹیچرز کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ والدین کی مکمل توجہ کی ضرورت ہے۔تقریب سے محترمہ ثمینہ کوثر نے بھی خطاب کیا۔پرنسپل میڈم طاہرہ شریف نے طالبات کا رزلٹ انانس کرنے بعد نمایاں کارکردگی کی حامل طالبات کو انعامات تقسیم کیے۔