پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کی ولادیمیر پیوٹن کو دوبارہ روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

ولادیمیر پیوٹن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا
وزیراعظم شہباز شریف نے ولادیمیر پیوٹن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ ولادیمیر پیوٹن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کے صدارتی انتخابات میں ریکارڈ 88 فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی، 1999 میں برسراقتدار آنے والے دلادیمیر پیوٹن مزید 6 سال حکمران رہیں گے اور جوزف اسٹالن کو پیچھے چھوڑ کر 200 سال سے زیادہ عرصے کے دوران روس کے سب سے طویل مدت تک رہنے والے رہنما بن جائیں گے۔
دوسری جانب ولادیمیر پیوٹن کے پانچویں مرتبہ روسی صدر منتخب ہونے کے بعد امریکا، برطانیہ اور یوکرین سمیت دیگر مغربی ممالک نے انتخابات کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ادھر پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ اس طرح کے ردعمل کی انہیں توقع تھی۔
آپ ان سے کیا امید کر رہے تھے؟ کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔
پیوٹن نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرین جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button