بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین الحمدللہ رب العالمین علی احسانہ ، رمضان المبارک کی پرکیف بہاریں اپنا جوبن دکھا رہی ہیں ۔ ابھی تیسرے روزے کی سحری سے فراغت ہی ہوئی کہ وہٹس ایپ پر ناچیز ہیچ مدان کے مہربان اور قدر دان عالم دین علامہ صاحب زادہ محمد فیض المصطفی نوری زید مجدہ کا حسب معمول دعائیہ پیغام پڑھنے کو ملا جس کے آغاز میں آپ نے تحریر فرمایا کہ:الحمدللہ والشکر للہ والرسولہ، ہم مدینہ سکینہ حاضر ہیں اور رمضان المبارک کی برکات سے نوازے جا رہے ہیں۔” فقیر سراپا تقصیر نے ان کی خدمت میں معروضہ پیش کیا کہ اس ناچیز ہیچ مدان کو کو اپنی دعاں میں یاد رکھیں اور اس کا نیاز مندانہ سلام بھی بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پہنچا دیں۔” آپ نے جوابا فرمایا:”جی ضرور عرض کرتا ہوں ان شااللہ” تھوڑی دیر بعد معلوم ہوا کہ میری بھتیجی ، بہو ، عزیزی سید محمد نعمان شاہ قادری زید مجدہ کی اہلیہ صاحبہ کو دردزہ کی تکلیف ہوئی ہے اور انہیں فورا حسن میڈیکل اینڈ سرجیکل کیمپلکس حسن ابدال میں داخل کرایا گیا ۔ 3/رمضان المبارک 1445ھ/14/مارچ 2024 بروز جمعرات بوقت ظہر ایک بج کر پچاس منٹ پر اللہ تعالی نے ہمیں چاند جیسی حسین و جمیل دختر نیک اختر سے سرفراز فرمایا۔ مسلمان نومولود کے کان میں پہلی آواز اذان واقامت کی پہنچائی جاتی ہے تاکہ اس کی روح توحید و رسالت سے آشنا رہے اور عمر بھر وہ توحید و رسالت کے گن گاتا رہے ۔ بچی کے دائیں کان میں اس کے والد سید محمد نعمان شاہ قادری نے اذان اور بائیں کان میں اس کے ماموں سید محمد سلیمان شاہ قادری نے اقامت پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔ مشہور ہے کہ نومولود کو پہلی گھٹی دینے والے کا اثر ہوتا ہے ۔ چنانچہ اس کی والدہ ماجدہ کی خواہش پر فقیر نے اسے گود میں اٹھایا اور پہلی گھٹی دی ۔ الحمدللہ ۔ ہمارے معاشرے کی ستم ظریفی یہ ہے اب بھی کئی لوگ بچیوں کی ولادت پر نا خوش نظر آتے ہیں بلکہ ماضی قریب میں ایک بدبخت اور ظالم باپ نے تو اپنی نومولود بچی کو گولی مار کر خون میں نہلا دیا تھا ۔ استغفراللہ ۔ یہ حقیقت عیاں ہے کہ بچی کی پیدائش پر رنج و غم میں مبتلا ہونا تو کفار کا طریقہ ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابط حیات ہے ۔اسلام نے دختران کی ولادت اور ان کی پرورش کو اہل ایمان کے لئے سامانِ امتحان اور وج آزمائش قرار دیا ہے اور ان کی اسلامی داشت و پرداخت پر اجر عظیم کی بشارت دی ہے ۔ جس خاتون کے ہاں پہلے لڑکی کی پیدائش ہو وہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے نہایت ہی خوش بخت ہے۔کیوں کہ ہمارے پیارے نبی آخرالزماں حضرت احمد مجتبی محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دولت خانہ میں بھی اول دختر نیک اختر ہی پیدا ہوئی تھی۔ تو گویا اللہ تعالی نے ہمیں بھی سنت نبی ہی سے سرفراز فرمایا ہے۔ مسلمان والدین پر اولاد کی ذمہ داریوں میں سے یہ بھی ایک نہایت ہی اہم ذمہ داری یہ بھی ہے کہ ان کا کوئی اچھا سا اسلامی نام رکھیں ۔ والدین کی جانب سے بچوں کا نام سب سے پہلا اور بنیادی تحفہ ہے جسے وہ عمر بھر اٹھائے رکھتے ہیں یہاں تک کہ اسی نام سے انہیں قیامت کے میدان میں خالقِ کائنات کے دربار میں پکارا جائے گا اسی لئے دنیا میں مسلمانوں کے گھر پیدا ہونے والے ہر بچے کا نہایت ہی عمدہ اسلامی نام رکھا جاتا ہے۔ صالحین و صالحات کے پاک ناموں پر نام رکھنے کی ترغیب احادیث نبویہ سے بھی ظاہر و باہر ہے۔ بچی کی ولادت کی خبر سن کر فقیر کی زباں پر بے ساختہ نکلا”سیدہ عفیفہ بی بی” گویا یہ ابتدائی نام ٹھہرا۔ بچی کے نانا اور میرے برادر اصغر سید اقرار حسین شاہ نے نام پر نظر ثانی کا مشورہ دیا اور کہا کہ ایسا نام ہو جس میں صالحات کی نسبت بھی نمایاں نظر آئے۔ چنانچہ بندہ نے دوسرا نام ” سیدہ امامہ بی بی” تجویز کیا جس پر میرے گھرانے کا ہر فرد متفق ہوا۔ "امامہ” عربی کا لفظ ہے جس کے معنی ہادی، پیشوا اور رہنما کے ہیں۔ اصل میں ہمارے پیارے نبی آخرالزماں حضرت احمد مجتبی محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری صاحبزادی حضرت سیدہ زینب رضی اللہ تعالی عنہا کی پیاری صاحبزادی کا نام حضرت امامہ رضی اللہ تعالی عنہا ہے جو بنت ابو العاص بن ربیع رضی اللہ تعالی عنہ ہے ۔ آپ حضرت سیدہ طیبہ طاہرہ فاطم الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا کی وصیت کے مطابق ان کے وصال باکمال کے بعد مولائے کائنات حضرت علی المرتضی شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم کے عقد میں آئیں ۔ ماشااللہ ، سیدہ امامہ بی بی کی آمد سے ہمارے گھرانے کا ہر فرد ہی خوشی سے جھوم اٹھا ہے۔ ہمارے یہ بچی چمنستانِ قدرت کا ایک حسین و جمیل پھول ہے۔ ہمارے لئے نعمت الہیہ ہے۔ رمضان المبارک کے رحمت کے ماہ اقدس میں یہ ہمارے لئے ایک نعمت تازہ ہے ۔ اس کے والد سید محمد نعمان شاہ قادری ایک عالم دین اور والدہ ماجدہ قرآن کریم کی حافظہ ہیں ۔ اللہ تعالی ان دونوں کو آپس میں اتفاق واتحاد عطا فرمائے اور سیدہ امامہ بی بی کو ہمیشہ صحت و سلامتی عطا فرمائے اور اسے علم و عمل کے زیور سے آراستہ و پیراستہ فرمائے اور تمام بے اولادوں کو نیک اور صالح اولاد کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ آمین ثم آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیا امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔ دعا گو ودعا جو گدائے کوئے مدینہ شریف احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیف مجاز بریلی شریف” سرپرست اعلی ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و ہماری آواز مدیر اعلی الحقیقہ و سہ ماہی مجلہ ‘خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم "(انٹر نیشنل) ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان( 6/رمضان المبارک 1445ھ/17/مارچ 2024 بروز اتوار بوقت 11:38دن) …………
0 33 4 minutes read