۔ سماٹرا: انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے دوران مختلف واقعات میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 5 افراد لاپتہ ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ سیلاب میں تبدیل ہوگیا، سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کردیا۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس میں 5 سے زائد مکانات دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے 12 لاشیں نکالی گئیں اور 7 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ مزید 6 افراد کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ 5 تاحال لاپتہ ہیں جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔ مسلسل بارشوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلاب میں متعدد افراد بہہ گئے جب کہ درخت گرنے اور ہورڈنگز گرنے سے 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی، 10 سے زائد افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
0 58 1 minute read