پاکستان

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 10 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8-9 مارچ کو ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 مارچ کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ جس کے بعد دہشت گردوں کے صفائے کیلیے ہونے والے آپریشن کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میں ایک الگ کارروائی کے دوران فورسز کو پاک افغان سرحد سے دراندازی اور پانچ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔
دو طرفہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت حضرت عمر اور رحمان نیاز کے ناموں سے ہوئی جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ پاکستان نے توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button