صحت

دنیا بھر میں موٹاپے کے شکار افراد کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کر گئی

لندن: عالمی سطح پر کیے جانے والے ایک مطالعے کے مطابق دنیا بھر میں موٹاپے میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔
جرنل دی لانسیٹ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ 2022 کے اعداد و شمار کے مطابق 15 کروڑ 90 لاکھ بچے اور نوجوان جبکہ 87 کروڑ 90 لاکھ بڑی عمر کے افراد مٹاپے کے مسئلے سے دوچار ہیں۔تحقیق میں پیش کیے گئے ڈیٹا میں دیکھا گیا کہ عالمی سطح پر 1990 سے 2022 تک بچوں اور بڑوں میں مٹاپے کی شرح میں چار گنا اضافہ ہوا جبکہ صرف بڑوں میں یہ اضافہ دگنا تھا۔
دریں اثنا تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس ہی دوران عالمی سطح پر بڑوں اور بچوں میں کم وزن ہونے کی شرح میں نصف سے زیادہ کمی واقع ہوئی۔محققین کا کہنا تھا کہ سامنے آنے والے نتائج مٹاپے کو متعدد ممالک میں ناقص غذا کی سب سے عام قسم بتاتے ہیں۔
امپیرئل کالج لندن سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سینئر مصنف پروفیسر ماجد عزتی کا کہنا تھا کہ یہ بات کافی تشویش ناک ہے کہ 1990 کی دنیا میں جو وبا صرف بڑوں تک محدود تھی اب اس سے اسکول جاتے بچے اور نوجوان بھی متاثر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ہی وقت میں ہزاروں لاکھوں افراد غذائی قلت کا شکار ہیں بالخصوص دنیا کے غریب ترین علاقوں میں۔ دونوں اقسام کی غذائی مسائل سے کامیابی سے نمٹنے کے لیے صحت مند غذا کی دستیابی اور اس کے سستا کیے جانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button