پاکستانتازہ ترین

بلاول بھٹو کا نومئی کے واقعات پرچیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کامطالبہ

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 9 مئی کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ دنوں محمود اچکزئی کہہ رہے تھے قرارداد پاس کریں کہ سیاست میں مداخلت نہ ہو،  آپ جتنی قرار دادیں پاس کرلیں جب تک سیاست دان خود ایک دوسرے کی عزت نہیں کریں گے کوئی اور بھی نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا عدالتی اور انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے،سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے کی تائید کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس عمارت کا سنگ بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا۔ یہ ایوان ہم سب کا ہے، پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں کی حیثیت رکھتی ہے، اگر ہم اس کو مضبوط بنائیں گے تو تمام ادارے وفاق اور جمہوری نظام مضبوط ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اپنے ان بزرگوں سے اپیل کرتا ہوں جو چھ چھ مرتبہ اس ایوان کے رکن منتخب ہوئے ہیں کہ ہم ایسے فیصلے کریں جن سے ملک کے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو سکے، اگر وہ نوجوان اس ایوان کا رکن منتخب ہونا چاہیں تو اس کیلئے آسانیاں پیدا ہوں

۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی اور انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ عدالتی اصلاحات میثاق جمہوریت کا حصہ ہے، مل بیٹھ کر ان مسائل کو اگر حل کرتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی جمہوریت کو کمزور نہیں کر سکتی۔ جب اپوزیشن حکومت میں تھی اور انتخابات کے حوالہ سے شکایتیں کرتے تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا تھا، ہم سنی اتحاد کونسل کی شکایات کا مذاق نہیں اڑائیں گے، اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ یہ مسائل حل ہوں تو مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button