
پشاور: مردان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مردان کے علاقے زادہ مٹہ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے 2 مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں انتہائی مطلوب دہشت گرد محسن قادر پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔
دوسری جانب شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں ڈی پی او مردان سمیت دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔