ایبٹ آباد (ڈویژنل رپورٹر)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا از خود نوٹس۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ایبٹ آباد کے انچارج عبدالغفور بیگ کا ریجنل پاسپورٹ آفس ایبٹ آباد کا معائنہ۔وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجرا میں بلا وجہ تاخیر کا از خود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی محتسب کے ادارے کے قیام کا صدارتی حکم نامہ 1983 کے آرٹیکل 17 کے تحت ملک بھر میں معائنہ ٹیمیں مقرر کرتے ہوئے تمام ریجنل دفاتر کے انچارج صاحبان کو فوری طور پر پاسپورٹ کے دفاتر کے معائنے کے احکامات جاری کئے تاکہ عوام الناس کو پاسپورٹ کے حصول میں سہولت میسر ہو۔ اسی مناسبت سے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ایبٹ آباد کے انچارج عبدالغفور بیگ نے بروز جمعہ ریجنل پاسپورٹ آفس ایبٹ آباد کا اچانک معائنہ کیا۔ عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے کو عرصہ دراز سے پاسپورٹ کے اجرا میں بلا وجہ تاخیر کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے از خود نوٹس لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کا حصول ہر پاکستانی شہری کا بنیادی حق ہے بالخصوص وہ افراد جو روزگار یا اعلی تعلیم کے لئے بیرون ممالک جانا چاہتے ہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے کے قیام کا مقصد ہی بدانتظامیوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرنا اور عوام الناس کو فوری انصاف مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک عوامی عدالت کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سائلین کو نہ وکیل کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی عدالتی اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں اور کسی بھی شکایت کا 60 دنوں میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔علاوہ ازیں دور درازکے عوام کو ان کی دہلیز پرا نصاف فراہم کرنے کی غرض سے تحصیل کی سطح پر کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ اس موقع پرریجنل پاسپورٹ آفس ایبٹ آباد کے انچارج ارشاد افریدی نے وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ عبدالغفور بیگ کو اپنے ادارے کے طریقہ کار اور تفصیلات کے علاوہ پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کے اسباب اور مسائل سے آگاہ کیا اور وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے احکامات کو فی الفور عملی جامہ پہناتے ہوئے عوام الناس کو پاسپورٹ کے اجرا میں تیزی لانے کا اعادہ کیا۔
0 25 2 minutes read