
اسلام آباد: وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نگراں حکومت کے دوران لیے گئے قرضے پی ڈی ایم حکومت کے گزشتہ دور میں لیے گئے قرضوں سے کم ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق نگراں حکومت نے 6 ماہ میں 30 کروڑ ڈالر کا خالص بیرونی قرضہ لیا جب کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت نے اس عرصے میں 3 ارب ڈالر کا خالص بیرونی قرضہ لیا۔۔
جب کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں 8 ارب 40کروڑ ڈالر کے مجموعی بیرونی قرضے لیے گئے اور 5 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی، اس طرح نیٹ بیرونی قرضے 3 ارب ڈالر کے لیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق جون 2023 تک بیرونی قرضوں کی مجموعی حکومتی قرضوں میں شرح 38.3 فیصد رہی جب کہ دسمبر 2023 تک یہ شرح کم ہو کر 36.7 فیصد پر آگئی۔