ایران کے صوبے کرمان میں گھریلو جھگڑے کی وجہ سے 30 سالہ مسلح شخص نے اپنے والد اور بھائی سمیت 12 رشتہ داروں کو قتل کردیا۔
محکمہ انصاف کے سربراہ ابراہیم حمیدی نے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حملہ آور نے جنوب مشرقی ایران کے صوبہ کرمان کے ایک گاؤں میں گھریلو جھگڑے پر اپنے والد، بھائی اور دیگر رشتہ داروں پر فائرنگ کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے اپنے رشتہ داروں کو کلاشنکوف کا استعمال کرتے ہوئے قتل کیا، حملہ آور کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی دیہی علاقوں میں ایسے حملے عام ہیں تاہم اس حملے کی نوعیت سنگین ہے اور ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ 2022 میں اسٹیٹ آفس سے نکالے جانے کے بعد ایک ملازم نے خود کو مارنے سے پہلے دفتر پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔
2016 میں بھی، ایک 26 سالہ شخص نے ایران کے جنوب میں ایک دیہی علاقے میں اپنے 10 رشتہ داروں کو قتل کر دیا تھا۔