پاکستان

لاہور: سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا گیا

 اسلام آباد / لاہور: انتخابی نتائج کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرے کیے۔

احتجاج کرنے والوں میں مرد و خواتین اور بڑی تعداد میں نوجوان شامل تھے ۔ ریلیوں میں نوجوانوں نے پارٹی پرچم لہرائے اور دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کی۔

لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا۔
سلمان اکرم راجہ کو لاہور میں پی ٹی آئی کے دفتر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہی تھی۔پولیس نے جیل روڈ پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ کو لاہور میں گرفتار کیا گیا۔پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں فوری رہا کیا جائے۔
اس سے قبل رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لاہور پولیس امن و امان اور شہریوں کی حفاظت کے لیے الرٹ ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 128 سے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ نے الیکشن میں حصہ لیا، اور 159 ہزار 24 ووٹ حاصل کیے، جب کہ استحکام پاکستان پارٹی کے محمد عون 172 ہزار 576 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ .

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button