الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 خوشاب، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 گھوٹکی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 کوہاٹ کے متعدد پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ میٹریل کی لوٹ مار یا دہشت گردی کے واقعات کے باعث 15 فروری کو پولنگ کا شیڈول تبدیل کر دیا۔یہ حکم متعلقہ حلقوں کے نتائج روکتے ہوئے دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پولنگ میٹریل چوری یا ضائع ہونے کی وجہ سے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
پولنگ مکمل ہونے کے بعد حلقوں کے نتائج کا اعلان 15 فروری کو کیا جائے گا۔
این اے 88 خوشاب کے 26 پولنگ اسٹیشنز کا پولنگ میٹریل ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں مشتعل ہجوم نے جلا دیا، ان 26 پولنگ سٹیشنز پر 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ایس 18 گھوٹکی میں دو پولنگ سٹیشنز کا پولنگ میٹریل نامعلوم افراد نے چوری کر لیا، ان دو پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 15 فروری کو ہو گی۔
پی کے 90 کوہاٹ میں دہشت گردوں نے 15 پولنگ اسٹیشنز کا پولنگ میٹریل تباہ کردیا، ان 25 پولنگ اسٹیشنز پر بھی 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این اے 242 کراچی کے پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی شکایت کی تحقیقات کرکے تین دن میں کمیشن کو رپورٹ پیش کریں۔
0 44 1 minute read