مینگورہ: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اگر عمران خان کے بچوں کا مقدر لندن ہے تو پختونخوا کے بچوں کا مقدر جیل میں کیوں ہے؟
مریم نواز نے عام انتخابات کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سازش کرنے والے ہمیشہ زندہ نہیں رہتے۔ آج نواز شریف نے آپ کو 10 سال حکومت کرنے والوں کے سارے جھوٹ بتا دیئے۔ اتنے جھوٹ بولے کہ جن موکلوںاور جنوں کے سروں پر راج کرتے تھے، آج وہ موکل اور جن انہیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کو چور کہنے والا آج خود پاکستان کا سب سے بڑا چور ثابت ہوگیا۔ جس نے لوگوں پر چوری کا جھوٹا الزام لگایا، آج وہ بھی چور نکلا، اس کے گھر والے بھی چور نکلے۔ مگرمیں نواز شریف کی بیٹی ہوں، کسی کے دکھ اور تکلیف میں خوش نہیں ہو سکتی۔ میں کسی کی گرفتاری یا ٹرائل سے خوش نہیں ہوں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں جب اپنی والدہ کو چھوڑ کر نواز شریف کے ساتھ گرفتاری دینے کے لئے اڈیالہ جیل آئی تھی تو مجھے بھی اڈیالہ کے بجائے سہالہ ریسٹ ہاس منتقل کرنے کی پیشکش کی گئی۔ مجھے کہا گیا کہ کاغذ پر لکھو۔ اگر آپ مجھے بی کلاس دیں گے تو ہم آپ کو بی کلاس دیں گے لیکن میں نے انکار کر دیا اور کہا کہ اگر میں جیل جاؤں گی تو نواز شریف کے ساتھ جاؤں گی۔ میں کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں جاؤں گی۔ میں نے کہا کہ مجھے ریسٹ ہاؤس نہیں چاہیے، میں عام قیدیوں کی طرح جیل میں رہوں گی۔
مریم نواز شریف نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے چند سوالات کرنا چاہتی ہوں۔ نوجوانو، بتا کیا جلانا، گھیراؤ، مار دو، مرجاؤ، آگ لگا دو، یہ سب خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کا مقدر ہے؟ آپ کو لیپ ٹاپ چاہیے یا پیٹرول بم؟ آپ کو تعلیمی ادارے ‘ اسکالر شپس چاہیں یا پھر کیلوں والے ڈنڈے چاہیں ؟
مریم نواز نے کہا کہ میں پوچھتی ہوں کہ آپ کے دھوکے کی وجہ سے آپ کی خواتین کارکن 9 مئی کو ریاست پر حملہ کرنے پر سلاخوں کے پیچھے ہیں تو چوری کرنے والی خاتون آج بنی گالہ محل میں کیوں قید ہے؟ وہ باقی لوگوں کی طرح سلاخوں کے پیچھے کیوں نہیں؟
انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کو محض پرچی نہ سمجھیں بلکہ یہ آپ کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ نواز شریف اور مریم نواز خیبرپختونخوا کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
0 54 2 minutes read