اسلام آباد: ایران میں پاکستانی مزدوروں کی ہلاکت پر پاکستان نے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی سے لڑنے کے پاکستان کے عزم کو نہیں روک سکتے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے، ہم بلا شبہ اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم ایرانی حکام سے رابطے میں ہیں، واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ زاہدان میں ہمارے قونصل جنرل ہسپتال جا رہے ہیں جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے، قونصلر مقامی حکام سے بھی ملاقات کریں گے، ہمارے قونصلر سخت کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ جلد از جلد میتیں وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا، ایسے بزدلانہ حملے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم سے نہیں روک سکتے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا۔
اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی ہوئے اور ہلاک اور زخمی ہونے والے پاکستانی مزدور تھے جو ایک مقامی ورکشاپ میں کام کر رہے تھے اور انہوں نے وہاں اپنی رہائش اختیار کر رکھی تھی۔
مہر ایجنسی کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
0 40 1 minute read