غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 183 افراد شہید اور 377 زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس شہر میں پناہ گزینوں کے کیمپ اور عوامی سہولیات پر شیلنگ کی جب کہ وہاں موجود لوگ المال اسپتال پر فائرنگ کے بعد اسپتال سے باہر نکل گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الامال اسپتال سے باہر آنے والوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 بھائی شہید ہوگئے، ان میں سے ایک نے امن کی علامت کے طور پر سفید جھنڈا اٹھا رکھا تھا۔
اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں غزہ پر زمینی اور فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ بھر میں زمینی اور فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ اس کی فضائیہ نے حملوں میں آپریشن مراکز اور ہتھیاروں کے ڈپو کو تباہ کر دیا جب کہ حملوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے زیر استعمال ٹینک شکن پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا۔
سات اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی فوج کی بربریت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 64 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
0 44 1 minute read