لاہور: سموگ اور خشک سردی کے باعث نمونیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران نمونیا کے مزید 230کیسز سامنے آئے ہیں۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹائیفائیڈ کے 135 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد لاہور میں کیسز کی مجموعی تعداد 1290 ہوگئی ہے جب کہ پنجاب میں ٹائیفائیڈ میں مبتلا بچوں کی مجموعی تعداد 7963 ہوگئی ہے۔
نمونیا بچوں میں بھی اموات کا باعث بن رہا ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیا سے 7بچے جاں بحق ہوئے جب کہ لاہور میں 2بچے انتقال کر گئے۔
صوبے میں نمونیا سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد 179 ہو گئی ہے۔
لاہور کے اسپتالوں میں سیکڑوں بچے نمونیا، سینے میں انفیکشن اور وائرل انفیکشن میں مبتلا ہیں، صرف چلڈرن اسپتال میں 58 سے زائد بچے زیر علاج ہیں۔
اس کے علاوہ جناح اسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام اسپتالوں میں نمونیا اور وائرل انفیکشن میں مبتلا بچے بھی داخل ہیں۔
دوسری جانب عام مارکیٹ میں نمونیا کی ویکسین اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث مریضوں کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دریں اثنا ڈائریکٹر سی ٹی ڈی نے اپنے پیغام میں والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو نمونیا اور دیگر بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کریں۔
0 37 1 minute read