اقوام متحدہ:اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ ہم غزہ کی موجودہ صورتحال کو جاری رہنے اسے لبنان میں دہرائے جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اقوام متحدہ کی نیوز ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے جاری پریس ریلیز میں اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی وجہ شہریوں کے قتل، زخمی، اغوا یا شہریوں کے خلاف راکٹ داغنے کا جواز نہیں بن سکتی ہے
انہو ں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی افواج کے 100 دنوں سے جاری حملے اب بند ہونے چاہییں ۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس غزہ کی صورتحال کو بیان کرنے کے الفاظ تک موجود نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلے عام خلاف ورزیوں پر گہری تشویش لا حق ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی کو یقینی بنانا موثر انسانی امداد کی فراہمی کے لیے بنیادی شرط ہے، فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنا چاہیے، شہریوں کی حفاظت کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی ضروریات پوری ہوں۔اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان بلیو لائن پر تنازعہ پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی کے وسیع علاقے تک پھیلنے کا خطرہ علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ضرورت مندوں کو امداد پہنچانے ، قیدیوں کی رہائی میں سہولت فراہم کرنے ، جنگ کی وسیع آگ کو بجھانے کے لیے ہمیں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ جو کچھ ہم نے غزہ میں دیکھا اسے لبنان میں دہرایا جائے اور غزہ کی موجودہ صورتحال جاری رہے۔