دبئی۔آئی سی سی نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے کیپ ٹائون ٹیسٹ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دے کر ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔ گزشتہ ہفتے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹائون کے مقام پر کھیلا گیا نیوایئر ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین میچ رہا جو دوسرے روز ہی اختتام پذیر ہوگیا تھا جس میں بھارت نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی، اس میچ میں فاسٹ بائولرز متحرک رہے۔ آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں روہت شرما اور ڈین ایلگر کے ساتھ مشورے کے بعد پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ اپنے بیان میں کرس براڈ نے کہا کہ کیپ ٹائون کی پچ بیٹنگ کے لئے بہت مشکل تھی، پچ میں تیز بائونس اور بعض اوقات عجیب و غریب اور خطرناک بائونس کی وجہ سے بلے بازوں کو بال لگی اور وہ آئوٹ بھی ہوئے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے اس معاملے کی تصدیق کی ہے اور اس فیصلے کو درست قرار دے کر اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
0 74 1 minute read