
کیڈٹ کالج وانا میں دہشتگردوں کے حملے کے باوجود اساتذہ اور کیڈٹس کے حوصلے بلند ہیں۔پاک فوج کے جوان کیڈٹ کالج پر حملے کے دوران 24 گھنٹے سے زیادہ کیڈٹس اور خوارج کے درمیان ڈھال بن کر کھڑے رہے اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر کیڈٹس اور اساتذہ کو بچایا۔آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر کا کہنا ہے کہ خوارج نے پہلے زیر تعلیم بچوں کو یرغمال بنا نے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کو مخصوص بلاک میں محدود کر کے طالب علموں کی حفاظت کو یقینی بنایا، رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے قریب خوارج کے خلاف بھرپور آپریشن کے بعد تمام خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔کیڈٹس کا کہنا ہے کہ تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں ہمیں تعلیم سے نہیں روک سکتے، جب خودکش دھماکا ہوا تو سارے کیڈٹس ڈرل کر رہے تھے، پاک فوج کے جوانوں نے ہمیں بحفاظت کالج سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔اساتذہ نے کہا کہ آپ پرسکون ہو جائیں اب پاک فوج آگئی ہے، بروقت کارروائی کی وجہ سے ایک خوفناک دہشتگردی کا ارادہ خاک میں مل گیا۔




