
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ میرا کیرئیر اتنے سالوں پر محیط نہیں جتنا لوگ سمجھتے ہیں۔اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے صرف 8 سال کی عمر میں اشتہارات کے ذریعے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تھا، بعد ازاں ڈراموں اور فلموں کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شامل ہوگئی’۔ انہوں نے کہا کہ ‘میں گزشتہ 7 سال سے ٹی وی اسکرین سے دور تھی تاہم حال ہی میں ڈرامہ ڈائن کے ذریعے شاندار واپسی کی ہے‘۔مہوش نے ایک انٹرویو میں کیرئیر اور اسکرپٹ سے متعلق کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ’لوگ میرے کام کے عرصے کو حقیقت سے زیادہ سمجھتے ہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ میں 20 سال سے کام کر رہی ہوں لیکن حقیقت میں میرا کیرئیر صرف 14 سے 15 سال پر محیط ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میری ابتدائی پرفارمنسز ناظرین کے ذہنوں میں گہرے نقوش چھوڑ گئیں، اس لیے سب کو یہ گمان ہوتا ہے کہ میں بہت عرصے سے کام کررہی ہوں، میں اب بھی نئے کرداروں اور مضبوط اسکرپٹس کے انتخاب میں محتاط ہوں،ر چاہتی ہوں کہ میرے کام سے میری شناخت مزید نکھرے، مجھے اپنے کام کے حوالے سے زندگی میں کسی قسم کا پچھتاوا نہیں ہے‘۔




