
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مستعفی ہونےکا اعلان کردیا۔ علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہےکہ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہےگی۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں کی تصدیق کی تھی علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ہٹانےکا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔سلمان اکرم راجا کے مطابق سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کا فیصلہ ہے جس کا پس منظر بھی بیان کیا گیا، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بدترین صورت حال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبر پختونخوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خودکو دورے کرے۔




