
بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے باپ بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن میرے بچے ہوں گے اور جلد ہوں گے۔حال ہی میں سلمان خان عامر خان کے ہمراہ ٹاک شو‘ ٹو مچ ود کاجول اینڈ ٹوئنکل کھنہ‘ کے پہلے مہمان بنے، جس دوران سلمان اور عامر نے اپنی نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر بھی بات کی۔دوران شو سلمان خان نے اپنے رومانوی تعلقات پر صاف گوئی اپناتے ہوئے اعتراف کیا کہ ‘کسی بھی رشتے میں اس وقت دراڑ آتی ہے جب ایک ساتھی دوسرے ساتھی سے آگے بھاگنے کی کوشش کرے، اسی جگہ آکر رشتے میں اختلاف پیدا ہوتا ہے اور دونوں فریقین عدم تحفظ کا شکار ہوجاتے ہیں لہٰذا دونوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے سے آگے بھاگنے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھیں ‘۔دوران شو عامر خان نے سلمان سے ان سے ماضی کے تعلقات ختم ہوجانے سے متعلق سوال کیا تو دبنگ خان کا کہنا تھا کہ’ یار نہیں ہوسکا تو نہیں ہوا اور اگر ان سب میں کوئی قصوروار ہے تو وہ میں ہوں‘ ۔ٹاک شو کے دوران سلمان خان نے جلد ہی بچے کا باپ بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ ’ ایک دن میرے بچے ہوں گے اور جلد ہوں گے لیکن کب ہوں گے یہ دیکھتے ہیں‘ ۔