
پشاور: ریسکیو حکام نے دریائے سوات سے گزرنے والے سیلابی ریلے میں پھنسے 12 افراد کو بروقت ریسکیو کرلیا۔ دریائے سوات میں چارسدہ کے علاقے منڈا کے مقام پر کچھ لوگ سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے اور انہوں نے ایک ٹیلے پر پناہ لے رکھی تھی تاہم ریسکیو حکام نے انہیں بروقت محفوظ طریقے سے ریسکیو کرلیا۔ دوسری جانب پاک فوج کا سوات اورباجوڑ میں سیلاب متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشن جاری ہے ، پاک فوج کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں۔ حکام کا بتانا ہے کہ باجوڑ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے جب کہ راشن اور ادویات فراہمی بھی بذریعہ ہیلی کاپٹر کی جا رہی ہے۔ واضح رہےکہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے تھے۔