
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور امریکی وزیرخارجہ کےدرمیان دوطرفہ اُمورسمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنےاور قریبی رابطےبرقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ یاد رہے کہ جولائی کے آخری ہفتے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی تھی۔اسحاق ڈار نے زور دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرایا جانا چاہیے۔