
خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک کردیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16سے 20 جولائی کو مالاکنڈ میں سکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشنز کیے۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ کارروائیاں بھارتی ایجنسی کی دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی اور 4 روزہ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت سے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 خوارج ہلاک اور 8 کو گرفتار کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران خوارج کے زیر استعمال 2 ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے جبکہ دہشت گردوں سےبڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمدکیاگیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقامی افراد نے ریاست کی انسداد دہشت گردی کی کاوشوں پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا اور اس آپریشن کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں۔