
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت مضبوط ہے اور کوئی رکن کہیں نہیں جا رہا۔علی امین گنڈا پور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کچھ نہیں بگاڑ سکتے، وہ صرف بیانات دیتے ہیں، تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔وزیر اعلیٰ نےکہا کہ بجٹ پاس نہ ہوتا تو اُن کی حکومت جاتی، صرف 2 ارکان نے بجٹ کے حق میں ووٹ نہیں دیا اور سب جانتے ہیں وہ کس کے لوگ ہیں۔ بجٹ نہ پیش کرنے کا پروپیگنڈا اپنوں کا تھا۔علی امین گنڈاپور نے مخصوص نشستوں کی بنیاد پر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے رکن ہیں اور کاغذات نامزدگی میں پارٹی لکھی ہے۔سینیٹ نشستوں پر انتخابات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتےہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی جائے گی ۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا کہ وہ پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں کم خرچ کر رہے ہیں، کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ کنٹرول کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 12 سال نہیں بلکہ اپنی 15 ماہ کی کارکردگی کے جواب دہ ہیں۔اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور نے بند صنعتوں کو بحال کرنے کےلیے سستی بجلی فراہم کرنے کا بھی اعلان کردیا۔