لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل مسترد کرنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق جمعے کے روز ہونیوالی آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹر میٹنگ سے قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے رابطہ کرکے بتادیا ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں اور اس میں کسی ملک کو شریک نہیں بنائیں گے۔بورڈ ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو میٹنگ سے پہلے ہی ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم تیار ہوکر آئیں اور کسی فیصلے حتمی فیصلے تک پہنچ سکیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے لیکن وہ اپنی ٹیم یہاں بھیجنے سے انکار کر دے۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ایونٹ کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں اُتاریں گے۔دوسری جانب اپنے میڈیا کی ذریعے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان سے چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی چھیننے یا ہائبرڈ ماڈل پر مجبور کرنے کیلئے اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے احتجاج اور سری لنکا اے کے دورے کو ملتوی کیے جانے پر سیکیورٹی کا جواز بناکر پیش کررہا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ جمعے کو ہوگی۔
0 147 1 minute read