اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر احتجاج کی دھمکی دے دی۔ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق مرکز سے نچلی ترین سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو ڈی چوک احتجاج کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی گئی۔ رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیش نظر پنجاب کے اضلاع میں احتجاج منسوخ کر دیا گیا، مینڈیٹ چور حکمران سفاکیت ترک کرنے پر آمادہ نظر نہیں آ رہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں ایک طویل عرصے بعد بہت اہم انٹرنیشنل اجلاس ہو رہا ہے جس میں ایک درجن سے زیادہ ممالک کے صدور اور وزرا اعظم شریک ہو رہے ہیں۔ اجلاس کے موقع پر 900 وفود اسلام آباد میں موجود ہوں گے، علاوہ ازیں 200 کے قریب انٹرنیشنل میڈیا ارکان بشمول بھارتی میڈیا موجود ہوں گے، ایسے نازک مرحلے پر اسلام آباد پر ایک اور چڑھائی سے ملکی سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ 2014 میں چینی صدر نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تب بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے انہیں دورہ منسوخ کرنا پڑا تھا، دھرنوں کی سیاست سے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔
0 790 1 minute read