پاکستانتازہ ترین

خاتون کا لباس ٹھیک نہیں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا قائمہ کمیٹی پاور کے اجلاس میں اعتراض

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پاور اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے خاتون کے لباس پر اعتراض اٹھادیا۔
چیئرمین کمیٹی محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پاور کا اجلاس ہوا جس دوران رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے خاتون کے لباس پر اعتراض اٹھایا ۔
اقبال آفریدی نے کہا کہ چیئرمین صاحب! خاتون کا لباس ٹھیک نہیں ہے، قومی اسمبلی کمیٹی میں آنے کے لیے لباس کا کوئی ایس او پی ہونا چاہیے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال آفریدی نے کہا کہ اگر ایک مہذب معاشرے میں اسی طرح کے لوگ آئیں گے تو بچے کیا کہیں گے؟ یہاں ایک خاتون رکن اسمبلی بھی بیٹھی تھیں، آپ نے ان کا لباس بھی دیکھا، یہاں ایسے ڈراموں کے سین نہیں ہوتے جسے معاشرہ دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو خاتون آئی تھیں، اس سے سسٹم، معاشرہ یانظام خراب ہونے کا اندیشہ ہے، میں کسی کے بارے میں بات تو نہیں کرتا لیکن لباس ٹھیک نہیں تھا۔
دوسری جانب اقبال خان آفریدی پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایک خاتون کے لباس پر اعتراض افسوسناک ہے، وہ خاتون اپنی قابلیت اور اہلیت کی وجہ سے اس مقام پر پہنچی ہونگی جس کا کمیٹی رکن کو احترام کرنا چاہیے تھا، مرد ارکان اسمبلی کو خواتین کے لباس پر پولیس مین کس نے بنا دیا؟
شیری رحمان نے کہا کہ اقبال آفریدی کا خاتون کے لباس پر غیر ضروری اعتراض ایک ایسی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو تنگ نظری اور صنفی امتیاز پر مبنی ہے، ایسے اعتراضات قدامت پسند اور پدرشاہی سوچ کو ظاہر کرتے ہیں جو خواتین کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنا کر انہیں قابو میں رکھنے کی کوشش کرتی ہے، خواتین کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ اور آرام دہ لباس میں کسی بھی پیشہ ورانہ ماحول میں شرکت کرسکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سوچ پاکستان میں صنفی مساوات کے حصول کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کو ان کے خیالات اور خدمات کی بنا پر پرکھا جائے نہ کہ ان کی ظاہری شکل یا لباس کی بنا پر۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، تحریک انصاف خواتین کیلئے تحریک ناانصاف بن چکی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف اقبال آفریدی کے خلاف ایکشن لے، پہلے ہی ہمارے معاشرے میں خواتین کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ تحریک انصاف کی فسطائیت ہے جو کھل کر باہر آ رہی ہے، انصاف کا تقاضا ہے کہ اس حملے پر اقبال آفریدی کی پارٹی رکنیت معطل ہونی چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button