اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
پی ٹی آئی کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔ جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کی جلسے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی جس میں این او سی جاری کرنے کو کہا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سے 26 جون سے کل تک 20 بار رابطہ کیا گیا۔ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا۔ہمیں جلسے کی تیاری کے لیے وقت نہیں دیا گیا۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے۔ ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے۔ آپ تو بڑی پارٹی ہیں کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے۔ آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے۔
0 34 1 minute read