اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئے، پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کے واضح امکانات ہیں، پاکستان نے آئی ایم ایف کے مشن کو معاشی کارکردگی پر مطمئن کرلیا، وزیر خزانہ نے کی بھی امریکی سفیر بلوم سے اہم ملاقات کی ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات مکمل ہوگئے، وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت آخری اقتصادی جائزہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت رہی اور آئی ایم ایف کی جانب سے آج رات اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کے واضح امکانات ہیں، معاہدے اور کامیابی کا حتمی اعلان آئی ایم ایف اعلامیہ کے ذریعے کرے گا۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کے مشن کو معاشی کارکردگی پر مطمئن کرلیا ہے اور آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی قسط منظور کرسکتا ہے۔ادھر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بھی امریکی سفیر بلوم سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کے ٹیکس انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری سمیت پاکستان کے اصلاحاتی اہداف کو پورا کرنے کے لیے مزید امریکی تعاون اور حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفیر بلوم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے موجودہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کو مکمل کرنے کے لیے امریکی حکومت کی حمایت کی یقین دہانی کروائی امریکی سفیر بلوم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں امریکا پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر زور دیا۔
0 34 1 minute read