
غزہ۔3مارچ (اے پی پی):فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے امید کا ا ظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہو سکتا ہے۔برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں ممکنہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے مابین ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے جس کا مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے لیے لڑائی روکنا ہے۔ریاض المالکی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ رمضان المبارک سے پہلے ہی اسرائیل غزہ جنگ بندی میں کامیاب ہو جائیں گے۔ فلسطین اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے مزید کوششیں کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔