
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کے رکن ریٹائرڈ جنرل بینی گینٹز نے کہا کہ اگر حماس نے رمضان کے آغاز سے قبل غزہ میں قید بقیہ یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو رفح میں لڑائی جاری رہے گی۔
توقع ہے کہ وہاں رمضان کا آغاز 10 مارچ سے ہوگا۔
اسرائیلی فورسز نے پیر کے روز جنوبی غزہ کی پٹی میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں جہاں بڑی تعداد میں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 29,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔
حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کل 107 افراد ہلاک اور زخمیوں کی کل تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار میں عام شہری اور جنگجو دونوں شامل ہیں لیکن ان کی تعداد الگ سے نہیں بتائی گئی ہے۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔
اسرائیل نے 7 اکتوبر کو غزہ کے خلاف کارروائی کا آغاز جنوبی اسرائیل پر حماس کے جنگجوؤں کے ایک بڑے حملے کے جواب میں کیا تھا جس میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کے قریب یرغمال بنائے گئے تھے۔