نیروبی: میراتھن ریس کم ترین وقت میں مکمل کرنے والا دنیا کا واحد ایتھلیٹ کیلون کیپٹم ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیا کے عالمی ریکارڈ ہولڈر 24 سالہ کیلون کیپٹم اپنے کوچ گیرویس ہاکیزیمانا کے ہمراہ کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
کینیا کی پولیس کے مطابق مغربی کینیا میں کپتاگٹ سے ایلڈورٹ کی طرف آتے ہوئے اتوار کی رات 11 بجے کے قریب انکی کار تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گئی۔
ایلجیو ماراکویٹ کانٹی کے پولیس کمانڈر پیٹر ملنگے نے بتایا کہ کار میں تین افراد سوار تھے۔ کیلون کیپٹم اور اس کے روانڈا کے کوچ گیرویس ہاکیزیمانا موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کیلون کیپٹم کو ییرس سمر اولمپکس 2024 کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ کیلون کیپٹم دنیا کا پہلا شخص تھا جس نے اکتوبر 2023 میں شکاگو میں 2 گھنٹے 35 سیکنڈ میں میراتھن دوڑ مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ہم وطن ایلیوڈ کیچوگے کے ریکارڈ کو توڑ دیا تھا۔
میراتھن ریس کا فاصلہ 26 میل ہوتا ہے اور اس ریس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی دوڑ کا اختتامی وقت عام طور پر 4 سے ساڑھے 4 گھنٹے ہوتا ہے۔
میراتھن ریس کی تاریخ میں پہلی بار کیلون کیپٹم نے یہ فاصلہ 2 گھنٹے 35 سیکنڈ میں طے کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا تھا۔
یاد رہے کہ کینیا میں اس سے قبل مئی 2011 میں لندن اولمپکس سے قبل میراتھن ریس کے عالمی چیمپیئن 24 سالہ سیموئیل ونجیرو اپنے گھر کی بالکونی سے گود کر ہلاک ہو گئے تھے۔
ونجیرو نے 2008 کے اولمپک کھیلوں کے مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور میراتھن ریس میں سونے کا تمغہ جیتے والے پہلے کینیائی کھلاڑی بنے تھے۔
0 50 1 minute read