
اگرچہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہو گیا ہے تاہم مختلف حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ شروع ہونے میں تاخیر ہوئی ہے۔ شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے تاہم عملہ پولنگ کے انتظامات میں مصروف ہے۔ منٹ دیر ہو جائے گی۔
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 تک پولنگ شروع نہ ہو سکی۔ پولنگ اسٹیشنز پر پریذائیڈنگ افسران کی عدم آمد کے باعث پولنگ شروع نہیں ہوسکی، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پولنگ عملے کا کہنا ہے کہ موبائل فون نیٹ ورک متاثر ہونے کی وجہ سے رابطے میں مسائل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 246 اورنگی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 میں بھی پولنگ شروع نہیں ہوسکی ہے۔ اورنگی ٹاؤن سپر گرامر اسکول کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 تک نہ تو عملہ پہنچا اور نہ ہی سامان۔ امیدواروں کے سیکیورٹی اہلکار اور پولنگ ایجنٹس پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ بونیر کے پولنگ سٹیشن نمبر 109 گرلز ڈگری کالج ڈگر میں پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز نہ پہنچ سکے۔